ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: ٹھیکے دار پریم کمار قتل کا کلیدی ملزم رضوان ٹرین میں سفر کے دوران گوا میں گرفتار

کاروار: ٹھیکے دار پریم کمار قتل کا کلیدی ملزم رضوان ٹرین میں سفر کے دوران گوا میں گرفتار

Tue, 04 Dec 2018 12:11:45    S.O. News Service

کاروار 4؍دسمبر (ایس اونیوز) کاروار بندر کے علاقے میں ٹھیکے داری کرنے والے پریم کمار قتل کیس کے کلیدی ملزم رضوان کو مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پرکارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کرائم برانچ کی ٹیم نے مڈگاؤں گوا میں ٹرین سے گرفتار کرلیا ہے۔ 

بتایاجاتا ہے کہ پولیس رضوان کو ٹھیکے دار پریم کمار قتل کیس میں تلاش کررہی تھی کیونکہ اس قتل میں ملوث کرایے کے قاتلوں سے پوچھ تاچھ کے بعدیہ بات سامنے آئی تھی کہ رضوان اس معاملے میں کلیدی ملزم ہے۔

خیال رہے کہ ٹھیکیدار پریم کمار کے تعلق سے 16اکتوبر کو کاروار پولیس اسٹیشن میں گم شدگی کی شکایت درج کروائی گئی تھی۔پولیس نے جب تحقیقات کی تو پریم کمار کا قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا۔بتایا جاتا ہے کہ گانجہ اگانے کے تعلق سے بات چیت کرنے کے بہانے پریم کمار کو اُلوی کے جنگل میں لے جاکر کرایے قاتلوں نے واردات انجام دی تھی۔اور قتل کے بعد لاش کو جنگل میں ہی پھینک دیا تھا۔23اکتوبر کو لاش کی باقیات اُلوی کے جنگلی علاقے سے برآمد کی گئی تھیں۔ پولیس نے اس قتل کے تعلق سے ڈانڈیلی کے مشتاق (30سال) اور الوی کے شفیع انور سید نامی دو ملزموں کو گرفتارکرلیا تھا۔تب پولیس کو پتہ چلا کہ اس قتل کی سپاری رضوان نے دی تھی۔مگر رضوان اس وقت سے لاپتہ ہوگیا تھا۔

معلوم ہو ا ہے کہ پریم کمار اور رضوان ایک عرصے تک مشترکہ طور پر ٹھیکیداری کیا کرتے تھے پھرا ن کے درمیان اختلافات پید ا ہوگئے اوردونوں نے الگ الگ اپنا کاروبار جاری رکھا ۔ مگر کئی معاملات ایسے ہوئے کہ رضوان اور پریم کمار کے درمیان دشمنی بڑھتی گئی اور اسی وجہ سے رضوان نے پریم کمار کے قتل کی سازش رچی تھی۔تقریباً ایک مہینے سے رضوان کی تلاش میں لگی ہوئی پولیس کوجب اطلاع ملی کہ وہ ممبئی سے ٹرین میں سفر کرتے ہوئے گوا کی طرف آرہا ہے، تو اس نے بروقت کارروائی انجام دیتے ہوئے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ اب پولیس یہ جاننے کی کوشش کررہی ہے کہ قتل کی اس سازش میں مزید کون کون شامل ہے۔


Share: